جو لوگ باہر بھاگ رہے ہیں انہوں نے پاکستان کیلئے کیا کام کیا، بابر اعوان

جو لوگ باہر بھاگ رہے ہیں انہوں نے پاکستان کیلئے کیا کام کیا، بابر اعوان
کیپشن: جو لوگ باہر بھاگ رہے ہیں انہوں نے پاکستان کیلئے کیا کام کیا، بابر اعوان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کو درست سمت میں لے کر جا رہے ہیں اور جو لوگ باہر بھاگ رہے ہیں انہوں نے پاکستان کیلئے کیا کام کیا ؟۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ملک میں رہتے ہوئے نواز شریف کی پلیٹلیٹس ہاکی کے سکور کارڈ کی طرح کبھی اوپر اور کبھی نیچے جا رہی تھیں تاہم باہر جاتے ہی انہوں نے کوئی علاج نہیں کروایا مگر پلیٹلیٹس ٹھیک ہو گئے۔ 

بابر اعوان نے مزید کہا کہ عدالت میں شہباز شریف کہتے ہیں کہ وہ کمر درد کے باعث 10 منٹ تک بھی کھڑے نہیں ہو سکتے لیکن قومی اسمبلی میں ساڑھے تین گھنٹے تک بڑھکیں مار لیتے ہیں ، اپوزیشن کی گھبراہٹ کی وجہ نواز شریف کیلئے باہر بیٹھنے کے راستے بند ہونا ہے اورنوازشریف پاکستان میں آئیں تو سیدھا جیل جائیں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ احتساب کیلئے ان سے دس منٹ کھڑا نہیں ہو ا جا سکتا جبکہ این آر او مانگنے اور اپنی نوکری کیلئے سی وی دیتے ہوئے یہ ایوان میں ساڑھے تین گھنٹے تک کھڑے رہ کر اور بول کر بھی نہیں تھکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں 64 نکات پر مشتمل نکات لے کر جا رہے ہیں اور یہ قانون سازی سیاسی نہیں بلکہ قومی قانون سازی ہے ۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ جب پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو پاکستان ڈیفالٹ کیا جا رہا تھا اور آئی ایم ایف کے 13 پروگرام ن لیگ اور پیپلزپارٹی دور میں لیے گئے جبکہ تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ صرف2 سیاسی جماعتوں نے لیا۔ اپوزیشن ایوان کے بجائے روڈ پر کارروائی میں حصہ لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پہلے کہتی تھی آرڈیننس کم کریں اور قانون سازی کریں لیکن آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمت میں 5 روپے اضافے کا مطالبہ کیا، حکومت نے مذاکرات سے ایک روپے 40 پیسے پر اتفاق رائے قائم کیا۔