امریکہ نے ایران میں اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی

10:12 AM, 13 Jan, 2026

واشنگٹن :ایران میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جاری احتجاج کے پیشِ نظر امریکہ نے اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر زمینی راستوں کے ذریعے ایران چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق جو شہری اس وقت ملک چھوڑنے کے قابل نہیں ہیں، وہ اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں رہیں اور پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء اپنے پاس رکھیں۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ شہری آرمینیا یا ترکی کے راستے ایران سے نکلنے کی کوشش کریں۔ ایران میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں، کئی سڑکیں بند ہیں، عوامی ٹرانسپورٹ متاثر ہے اور انٹرنیٹ کی رسائی محدود کر دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے دوہری شہریت رکھنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روانگی کے وقت ایرانی پاسپورٹ استعمال کریں کیونکہ ایران دوہری شہریت تسلیم نہیں کرتا اور ایسے افراد کو صرف ایرانی شہری سمجھتا ہے۔ سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ امریکی شہریوں کو پوچھ گچھ، گرفتاری یا حراست کا سنگین خطرہ لاحق ہے، اور امریکی شناخت ظاہر کرنا بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کا خواہاں ہے، تاہم حالات کے پیشِ نظر کسی ممکنہ کارروائی کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے غیر ملکی سفیروں کو بتایا کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، لیکن ساتھ ہی کسی بھی فوجی کارروائی کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

ایران میں احتجاج کئی ہفتوں سے جاری ہے، جس کے دوران مکمل انٹرنیٹ بند ہے، اور مظاہروں میں اب تک 500 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 10 ہزار افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ ایرانی پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائیاں سخت کر دی ہیں اور اہم افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

مزیدخبریں