معاہدے کی خلاف ورزی پر ٹویٹر نے ایلون مسک کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا

معاہدے کی خلاف ورزی پر ٹویٹر نے ایلون مسک کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا

نیویارک: دنیا کے امیر ترین آدمی اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک بڑی مشکل میں پھنس گئے ، ٹویٹر نے 44 ارب ڈالرز میں کمپنی خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہونے پر ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ٹویٹر نے 44 ارب ڈالرز معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ایلون مسک پر منگل کے روز امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ۔ مقدمے میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایلون مسک کو 54.20 ڈالر فی شیئر میں کمپنی خریدنے کے معاہدے کی پاسداری کا حکم دے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک ٹویٹر خریدنے کے چوالیس ارب ڈالر کے معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے تھے ۔ اس حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ڈیل کے تحت ٹویٹر متعدد معاملات پر اپنے قانونی وعدے پورے نہیں کر سکی ، جس میں فیک اور اسپیم اکاؤنٹس کی درست تعداد کی نشاندہی کرنا بھی تھا ۔

اپریل میں ایلون مسک نے سماجی رابطوں کے اس اہم پلیٹ فارم کو خریدنے کی خاطر ڈیل کو حتمی شکل دی تھی ۔

بعد ازاں دنیا کے امیر ترین شخص کے وکلا کی جانب سے ٹوئٹر کمپنی کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اگر سوشل میڈیا نیٹ ورک اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم نہیں کرسکا تو وہ اسے خریدنے کا فیصلہ بدل سکتے ہیں ۔

اس مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ٹویٹر کی جانب سے وعدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ایلون مسک کے پاس معاہدے کو منسوخ کرنے کا اختیار موجود ہے ۔ یہ پہلی بار ہے جب ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹر کو خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا انتباہ کیا گیا ۔

مصنف کے بارے میں