اسلا م آباد:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، جبکہ خواتین کا معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار ہونا پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔
اسلامی سربراہی کانفرنس کے خواتین سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو تعلیم، ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں خواتین اور بچیاں آج بھی ترقی کی راہ میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان او آئی سی کی چیئرمین شپ ذمہ داری، اتفاق رائے اور تعاون کے جذبے کے ساتھ نبھائے گا۔