قومی اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، متفقہ قرارداد منظور

01:20 PM, 13 Jun, 2025

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے ایران پر اسرائیلی حملے کو ایرانی ریاست کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر لی۔ یہ قرارداد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی، جسے ایوان نے مکمل اتفاق رائے سے منظور کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس اقدام نے مشرق وسطیٰ کے ساتھ ساتھ عالمی امن و استحکام کو بھی شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

ایوان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس جارحیت کو روکنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں۔

قرارداد میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مسئلے کا حل صرف سفارت کاری، عالمی قوانین کی پاسداری اور پرامن ذرائع سے ہی ممکن ہے، اور عالمی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔

مزیدخبریں