تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی حملوں کے بعد انتہائی سخت الفاظ میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، اور اسرائیل کو ہمارے شہداء کا انتقام ضرور بھگتنا ہوگا۔"
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں اسرائیلی حملے کو "بین الاقوامی قوانین کی بےشرمانہ پامالی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے رات کے اندھیرے میں ہمارے فوجی جنرل، سائنسدان اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا، اور یہ واضح ہو گیا کہ صیہونی ریاست کسی پاگل درندے سے کم نہیں۔
صدر نے کہا کہ "ہم نے گزشتہ دو صدیوں میں کبھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، لیکن دفاع اور انتقام ہمارا حق بھی ہے اور فرض بھی۔ ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہٹیں گے۔" انہوں نے عالمی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی فیصلے کے لیے اقوام متحدہ یا دیگر طاقتوں کا انتظار نہیں کرے گا۔
"ہم دنیا کو گواہ بنا کر اعلان کرتے ہیں کہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن انجام کی تحریر ہمارے ہاتھ میں ہو گی۔ اور وہ انجام صیہونیوں کے لیے تباہ کن ہو گا۔" صدر پزشکیان نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا واضح اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ "انتقام کا لمحہ رگِ گردن سے زیادہ قریب ہے۔"