اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر وہ ایرانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
صدر زرداری نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں فوری کارروائی کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکا جا سکے۔
ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حملے کو مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے نوٹس لیں۔