تہران:اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے نہ صرف مذمت پر اکتفا کیا بلکہ فوری طور پر عسکری سطح پر جوابی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک کی بدلتی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر اعلیٰ عسکری قیادت میں رد و بدل کرتے ہوئے نئے کمانڈرز کا تقرر کر دیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کی قیادت اب میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کے سپرد کی گئی ہے، جو پہلے ایرانی فوج کے کمانڈر رہ چکے ہیں اور انہیں ایک تجربہ کار، نظریاتی اور سخت گیر جنرل سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب، بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور کو پاسدارانِ انقلاب کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ خاتم الانبیا ﷺ ہیڈکوارٹرز جیسے کلیدی آپریشنل ادارے کی کمان اب جنرل علی شادمانی کو دے دی گئی ہے۔
یہ تمام تبدیلیاں ایران کے اس پیغام کا حصہ سمجھی جا رہی ہیں کہ وہ اسرائیلی حملوں کو نظرانداز نہیں کرے گا، بلکہ منظم، عسکری اور فوری ردعمل کی حکمت عملی اختیار کرے گا۔