پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری پر گورنر نے تاحال دستخط نہیں کیے۔
وزیر اعلیٰ نے بجٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبے کے مفاد میں بجٹ پیش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے اور ان میں سے قابلِ عمل نکات کو بجٹ کا حصہ بنائیں گے۔"
علی امین گنڈاپور نے ایران اور فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر سطح پر ان کی حمایت کرتے رہیں گے۔"
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے فیصلوں میں خود مختار ہے اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ سازشوں کے بجائے کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت ضم شدہ اضلاع پر ٹیکس کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ بنے گی، کیونکہ ان علاقوں کو ابھی ترقی اور سہولیات کی ضرورت ہے۔