یروشلم: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ حملے کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں میں خطرے کے سائرن بجنا شروع ہو گئے، جبکہ شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اسرائیلی دفاعی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام حملوں کو روکنے کے لیے متحرک ہو چکا ہے اور فضا میں متعدد میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم تاحال کسی ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے 100 سے زائد میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے ہیں، جس کے بعد پورے ملک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
حملے کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔