راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گردونواح میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیاں کی ہیں، جن کے نتیجے میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار اہم دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہیں، جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف عیان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افراد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والی حالیہ کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی ہے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ علاقے میں موجود باقی دہشت گرد عناصر کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن بھی تیزی سے جاری ہے۔
دوسری جانب صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے اہم سرغنوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
قومی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔