پنجاب میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا

01:35 PM, 13 Jun, 2026

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں ایک کمزور موسمی سسٹم موجود ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ واسا سمیت متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات سے گریز کریں۔ کسانوں اور سیاحوں کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزیدخبریں