کرونا وائرس، سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا اعلان

کرونا وائرس، سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا اعلان
کیپشن: تعلیمی اداروں کی گرمی کی چھٹیاں قبل ازوقت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی وزیر تعلیم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 30 مئی تک بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔یہ انتہائی اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ سندھ کابینہ نے ایک اور ہنگامی فیصلہ کرتے ہوئے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اس ہنگامی اجلاس میں کابینہ کے وزرا، مشیران اور چیف سیکریٹری شریک ہوئے۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں گرمی کی چھٹیاں، قبل ازوقت کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ سولہ مارچ سے لے کر 30 مئی تک سکول بند رہیں گے۔ چھٹیوں میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کی چھٹیاں بھی گزر جائیں گی۔ سکول دوبارہ یکم جون 2020ء سے کھلیں گے۔ فی الحال جن تاریخ میں امتحانات ہونے تھے نہیں ہونگے۔ تمام تعلیمی اداروں میں سرکاری اور غیر سرکاری یونیورسٹی بھی شامل ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سندھ حکومت نے دو روز کے لیے سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم یکم مارچ کو فیصلے میں توسیع کرتے ہوئے 13 مارچ تک سکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق کرونا وائرس اب تک دنیا کے 108 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد اس موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔