وزیراعظم شہبازشریف سے ازبک سفیر کی ملاقات ، ازبکستان کے ساتھ کیے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

12:45 PM, 13 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ کیے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ وزیراعظم سے ازبکستان کے سفیر علیشیر تختائیف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس دوران مختلف اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک سفیر کے ذریعے صدر شوکت مرزیوئیف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ تاشقند کے دورے کے دوران پاکستانی وفد کی مہمان نوازی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاشقند میں ہونے والے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں شاندار پیشرفت ہوئی، جس میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کی تشکیل اور مختلف شعبوں میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط شامل ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ تاشقند سے واپسی کے بعد متعلقہ وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ، وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کو 2 بلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے ایک روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جو کہ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین اتفاق کیا گیا تھا۔

اس موقع پر ازبک سفیر نے وزیراعظم کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر مرزیوئیف پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کو اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدر مرزیوئیف نے رواں برس کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی وزیراعظم کی دعوت قبول کر لی ہے۔

مزیدخبریں