نئی دہلی : بھارتی میڈیا ایک بار پھر جھوٹی اور من گھڑت خبروں کا سہارا لیتے ہوئے پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات لگانے لگا، تاہم بھارتی فوج نے خود اپنے میڈیا کی تردید کر دی اور واضح کیا کہ کسی پاکستانی ڈرون کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
بھارتی صحافی برکھا دت سمیت کئی میڈیا چینلز نے سوشل میڈیا اور ٹی وی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرونز جموں کے علاقے میں دیکھے گئے ہیں، اور مبینہ طور پر یہ سب وزیرِاعظم نریندر مودی کی تقریر کے ردِ عمل میں کیا گیا۔
تاہم بھارتی فوج نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر صورت حال مکمل طور پر پُرامن ہے اور پاکستان کی جانب سے کسی ڈرون کی پرواز یا سیز فائر کی خلاف ورزی کی کوئی مصدقہ اطلاع موجود نہیں۔
اس سے قبل پاکستانی سکیورٹی ذرائع بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان نے سیز فائر کی مکمل پاسداری کی ہے اور بھارتی میڈیا کی خبریں صرف پراپیگنڈا پر مبنی ہیں۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق، درحقیقت خود بھارتی ڈرونز لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیز حرکات کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے اس طرح کی خبریں محض عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش ہیں، جب کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔