پاکستان کا بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل

05:12 PM, 13 May, 2025

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان سیاسی موقع پرستی کا مظہر ہے اور حقیقت سے مکمل انحراف پر مبنی ہے۔ ترجمان کے مطابق، جنگ بندی پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ متعدد دوست ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔ پاکستان کا انسداد دہشت گردی میں کردار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق چاہتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ داخلی سیاسی فائدے کے لیے علاقائی استحکام کو داؤ پر نہ لگائے اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے حالیہ بیان میں پاکستان پر سخت الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ بھارت آئندہ کسی بھی حملے کا فوری جواب دے گا۔

مزیدخبریں