ریاض / واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سفارتی دورے کے دوران امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان 142 ارب ڈالر مالیت کا ایک تاریخی دفاعی معاہدہ طے پا گیا۔ اس معاہدے کو وائٹ ہاؤس نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی سودا قرار دیا ہے۔
معاہدے کے تحت امریکہ سعودی عرب کو جدید جنگی ساز و سامان، میزائل ڈیفنس سسٹمز، فضائی اور بحری سلامتی کا سامان، سرحدی نگرانی کا نظام، اور زمینی افواج کی جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گا۔
اس معاہدے کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ سعودی عرب امریکہ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون کا نیا باب قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے میں سعودی مسلح افواج کی تربیت، فوجی طبی سہولیات، اور سروس اکیڈمیوں کی بہتری بھی شامل ہے، جو سعودی دفاعی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔