ایران کی دشمنوں کو سخت سزا دینے کی وارننگ، 90 فیصد یورینیم افزودگی کی دھمکی

09:45 AM, 13 May, 2026

تہران :ایرانی وزارتِ خارجہ اور پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی نے دشمن ممالک کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کے خلاف انتہائی سخت موقف اختیار کر لیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج ہر قسم کے جنگی یا دفاعی منظر نامے کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف دشمنی پر مبنی کارروائیاں کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے گی۔ اسماعیل بقائی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اگر دنیا بربریت اور تسلط کے نظام سے چھٹکارا چاہتی ہے تو اسے ایران کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے۔
دریں اثنا، ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان نے دفاعی حکمتِ عملی میں ایک بڑی تبدیلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو جوابی کارروائی کے طور پر ایران 90 فیصد تک یورینیم کی افزودگی شروع کر سکتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق تہران کی جانب سے جوہری افزودگی میں اس حد تک اضافے کی دھمکی دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کسی بھی نئی مہم جوئی کی صورت میں ایران اپنی دفاعی پالیسی کو انتہائی سطح تک لے جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں