مقبوضہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے، بھارت اسے اندرونی معاملہ قرار نہیں دے سکتا: عطا اللہ تارڑ

01:10 PM, 13 May, 2026

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے اور بھارت اسے اپنا اندرونی مسئلہ قرار دے کر عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتا۔
'معرکہ حق' کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں ریکارڈ پر موجود ہیں جو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر ہونے والی دہشت گردی اس کا اندرونی معاملہ ہو سکتی ہے، لیکن کشمیر کی صورتحال عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے جسے دبایا نہیں جا سکتا۔
عطا اللہ تارڑ نے بھارت کے جارحانہ عزائم اور حالیہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا  بھارت نے ہمیشہ پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی ہے۔ پہلگام واقعے پر بغیر کسی ٹھوس تحقیقات کے فوری طور پر پاکستان پر الزام تراشی کر دی گئی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پہلگام کا علاقہ سرحد سے کوسوں دور بھارتی فوج کے مضبوط مرکز کے اندر واقع ہے، جہاں کسی بیرونی مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہمیشہ 'فرنٹ لائن اسٹیٹ' کا کردار ادا کیا ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیاں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں