بلوچستان کے لئے سب سے زیادہ فنڈنگ کر رہے ہیں، وزیراعظم

04:01 PM, 13 Nov, 2020

تربت: وزیراعظم عمران خان نے ترقیاتی و سماجی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلوچستان کے علاقے تربت میں پہلی بار آیا ہوں اور یہاں کی عوام پاکستان کا مستقبل ہیں کیونکہ تربت کی ایک تاریخ ہے ۔ انسانوں پر سرمایہ کاری کرنے کا مطلب تعلیم پر سرمایہ کاری ہے کیونکہ آج کے دور میں تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا جبکہ علم ہمیں دیگر مخلوقات سے الگ کرتا ہے۔ انسانوں پر سرمایہ کاری کرنے والوں نے آج تک ترقی نہیں کی اور تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے آج پاکستان باقی ملکوں سے پیچھے رہ گیا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مدینے کی ریاست میں سب قانون کے سامنے برابر تھے اور ریاست مدینہ ہی دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی اور کئی سو سال تک سب سے زیادہ سائنسدان مسلمان رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر توجہ دیں اور پنجاب حکومت بلوچستان کے 360 طلبا و طلبات کو وظائف دے گی کیونکہ اس سے پہلے 135 اسکالر شپس دیئے جا رہے تھے لیکن اب ان میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت بلوچستان میں ہسپتال بنا رہی ہے جس کے لئے انہیں داد دیتا ہوں  کیونکہ ماضی میں بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا جس وجہ سے صوبہ پیچھے رہ گیا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب آ رہا ہے اور وبا کے دنوں میں ورچوئل تعلیم کا آغاز ہوا جبکہ اب ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں میں تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے کیونکہ انسان جب تک ہار نہیں مانتا اور ہر مشکل سے سیکھتا ہے تو کچھ بھی کر سکتا ہے۔ 

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان تربت پہنچے تو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور گورنر امان اللہ یاسین زئی نے پرتپاک استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر مراد سعید ، شبلی فراز اور اسد عمر بھی تھے۔ 

مزیدخبریں