اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہو گا، جس میں ملک کے سیاسی اور سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ کے ارکان وانا کیڈٹ کالج کے طلبہ کو ریسکیو کرنے والی سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے حوالے سے اہم گفتگو کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دکھائی گئی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئینی ترامیم کی روشنی میں مختلف قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دی جائے گی، جن میں آرمی ایکٹ، نیوی ایکٹ اور ایئر فورس ایکٹ میں ترامیم شامل ہیں۔ یہ ترامیم 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد نئے آئینی ڈھانچے کے مطابق کی جائیں گی تاکہ قانون میں ہم آہنگی اور یکسانیت قائم کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے متعلق قانونی معاملات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ کابینہ دیگر متعلقہ قوانین میں ترمیم شدہ آئینی شقوں کی روشنی میں ترامیم کی منظوری دے گی تاکہ آئینی اصلاحات کا عمل مؤثر اور جامع طریقے سے مکمل ہو سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران آئینی اور قانونی ماہرین کی سفارشات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا تاکہ تمام ترامیم شفاف اور قانونی دائرہ کار کے مطابق ہوں۔ اجلاس کے بعد آئینی ترامیم اور قوانین میں کی جانے والی تبدیلیوں کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق، اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے بل میں شامل نئی ترامیم کی توثیق بھی کی جائے گی۔