اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور دیگر سکیورٹی امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف سکیورٹی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شریک تھے۔ ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ انسدادِ منشیات اور این سی سی آئی اے کے افسران کے لیے تربیتی کورسز کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی اور بچوں کی آن لائن ہراسانی کے معاملے میں مؤثر اشتراک اور کوآرڈینیشن کو فروغ دینے پر بھی بات کی گئی۔
اس ملاقات میں ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں دوطرفہ معاونت کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایکسٹراڈیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون کے بارے میں پانچ ایم او یوز (مفاہمتی یادداشتیں) کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈی جی نیشنل کرائم ایجنسی، گرائم بیگر نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی اور اس حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے تمام تانے بانے ہمسایہ ملک سے جا ملتے ہیں اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو عزم، قربانیاں اور استقامت دکھائی ہے، دنیا اس کی مثال دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید فرانزک ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے، اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی نیشنل کرائم ایجنسی گرائم بیگر نے پاکستان کے ساتھ مختلف سکیورٹی شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسدادِ منشیات کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔