اسلام آباد :پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این (VPN) سروسز کے استعمال کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اب صارفین کو وی پی این رجسٹریشن کے لیے پی ٹی اے سے براہِ راست رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ لائسنس یافتہ وی پی این فراہم کنندگان سے براہِ راست سروس حاصل کر سکیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق وی پی این سروسز کی فراہمی کو باضابطہ بنانے کے لیے مخصوص کمپنیوں کو "کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (ڈیٹا)" کے تحت لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔ لائسنس یافتہ کمپنیوں میں الفا 3 کیوبک، زیٹا بائٹ، نکسیلیم ٹیک، ویژن ٹیک 360 اور یو کے آئی کونیِک سولیوشنز شامل ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو قانونی، محفوظ اور مستند وی پی این سروسز تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ محفوظ آن لائن رابطے برقرار رکھ سکیں۔ پی ٹی اے کے مطابق اس نئے نظام سے ڈیجیٹل سکیورٹی، ڈیٹا پروٹیکشن اور قومی سائبر سکیورٹی کو تقویت ملے گی۔