اسلام آباد کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے انتظامیہ بڑے اقدامات کر رہی ہے:وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری

04:45 PM, 13 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی ذمہ داریاں دیگر شہروں سے زیادہ ہیں اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں۔

طلال چودھری نے بتایا کہ اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ او آئی سی اور ایس سی او جیسے بڑے اجلاس منعقد کیے گئے اور متعدد ممالک کے سربراہان اور وفود کی شاندار میزبانی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر ملکی مہمانوں کے لیے تمام سہولتیں موجود ہیں اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے منصوبے جاری ہیں۔

وزیرمملکت نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ہر گھر، دفتر اور دکان کی تفصیل انتظامیہ کے پاس ہوگی اور کوئی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل الیکٹرانک ٹیگ کے بغیر شہر میں داخل نہیں ہو گی۔ ہر قسم کی گاڑی کی مکمل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ 17 نومبر سے گھر گھر سروے شروع کیا جائے گا، جس میں ہر گھر کی لوکیشن اور افراد کی تفصیل گوگل میپ پر درج کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ شہریوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے اور پولیس ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ گھروں میں آنے والے مہمانوں کا ڈیٹا بھی جمع کریں گی۔ انہوں نے "محفوظ ہمسائے" پروگرام کے آغاز اور سیف سٹی اور اسمارٹ سٹی منصوبوں کے تحت اقدامات کی بھی تصدیق کی، تاکہ جلد از جلد مستند ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔

مزیدخبریں