وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ

09:20 AM, 13 Oct, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف امریکی صدر اور مصری صدر کی خصوصی دعوت پر غزہ امن معاہدے پر 20 ملکی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے شرم الشیخ روانہ ہو گئے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی رہنماؤں کی کوششوں کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شرم الشیخ جائیں گے، جہاں وہ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والی دستخطی تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس سربراہی اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنما بھی موجود ہوں گے۔

یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عالمی رہنماؤں کی غزہ میں جنگ بندی کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاکستان اس اجلاس کو غزہ میں جاری مظالم کے خاتمے کی امید کے طور پر دیکھ رہا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس معاہدے کے بعد خطے میں امن اور استحکام کی فضا قائم ہوگی۔

مزیدخبریں