کیمبرین پیٹرول 2025: پاک فوج نے عالمی فوجی مشق میں گولڈ میڈل جیت لیا

11:37 AM, 13 Oct, 2025

راولپنڈی: پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں ہونے والی عالمی فوجی مشق کیمبرین پیٹرول 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ یہ مشق 3 سے 13 اکتوبر تک برطانیہ کے علاقے ویلز میں جاری رہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کیمبرین پیٹرول مشق کو دنیا کی سب سے مشکل اور پیشہ ورانہ فوجی مشقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سال 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے شرکت کی، جس میں پاکستان کی نمائندگی کیپٹن محمد سعد کی قیادت میں ٹیم نے کی۔

پاکستانی ٹیم نے غیر معمولی مہارت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ قابلیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا، جسے آئی ایس پی آر نے نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، صلاحیت اور کردار کے ذریعے ملک کا پرچم بلند رکھا ہے، اور آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کا وقار اسی جذبے سے قائم رکھے گی۔

مزیدخبریں