وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا قدرتی آفات سے بچاؤ کے عالمی دن پر پیغام

01:52 PM, 13 Oct, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ زندگی کی بقا کے لیے قدرتی آفات سے بچاؤ اور ان سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکا نہیں جا سکتا، مگر بروقت تیاری، جدید ٹیکنالوجی اور اداروں کے درمیان اشتراک سے ان کے تباہ کن اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے پنجاب میں گزشتہ برس سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا، تاہم بروقت اقدامات اور بہترین ریسکیو آپریشن کی بدولت پنجاب میں لاکھوں جانیں اور مویشی بچانے میں کامیابی حاصل کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو، ریلیف اور انخلا کے لیے دنیا کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکا۔

مریم نواز شریف نے حکومت پنجاب کے تمام اداروں کی محنت اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے صوبے کے تمام ادارے متحرک اور سرگرم ہیں۔ انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ قدرتی آفات کی تیاری نہ صرف حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے بلکہ عوامی آگاہی بھی اہم ہے تاکہ ہر سطح پر محفوظ اور محفوظ تر اقدامات کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں