شرم الشیخ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس کا عالمی سطح پر خیرمقدم کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر یہ تاریخی لمحہ ممکن نہ ہوتا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ "صدر ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا۔ آج کی تقریب نسل کشی کے ایک باب کے اختتام کی نشان دہی کرتی ہے اور عالمی برادری کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کہیں بھی ایسا دوبارہ نہ ہو۔"
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کا بھی بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ "بہادر فلسطینی عوام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطین میں رہنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔"
امن معاہدے کے تحت حماس نے اسرائیل کے تمام 20 یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل نے 1700 فلسطینی قیدیوں کو غزہ روانہ کر دیا ہے، جو کہ اس امن معاہدے کے ایک اہم حصے کے طور پر عمل میں آیا۔
پاکستان ٹیلی ویژن وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شرم الشیخ میں اس تاریخی امن سربراہی اجلاس میں شرکت کو براہ راست نشر کرےگی۔