شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط، عالمی رہنماؤں کی شرکت ... وزیراعظم شہباز شریف کی اہم سفارتی ملاقاتیں

08:58 PM, 13 Oct, 2025

شرم الشیخ: مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، امریکی صدر، ترک صدر، بحرین کے فرمانروا، اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے میں پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے عوام کی جرأت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے بھرپور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے مشکل وقت میں مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی ملاقات میں شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں آذربائیجان اور انڈونیشیا کے صدور، جرمن چانسلر، آرمینیا، اسپین اور اٹلی کے وزرائے اعظم شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں مسلم اُمہ کے باہمی اتحاد، مسئلہ فلسطین، اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی۔ انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کو سراہتے ہوئے امن معاہدے کی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔

مزیدخبریں