پنجاب میں 17 ستمبر تک بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

10:29 AM, 13 Sep, 2026

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج سے 17 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

 خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

 دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے علاقوں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

 کراچی میں بھی 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

مزیدخبریں