ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ، وزیراعظم کا سمندر پار پاکستانیوں سے اظہار تشکر

03:21 PM, 14 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مارچ 2025 میں ترسیلات زر 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کی اس قدر بلند سطح پاکستان کی معیشت پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد اور جذبے کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ مارچ 2024 کے مقابلے میں مارچ 2025 میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال کے دوران اب تک مجموعی ترسیلات زر 28 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے موقع پر اس خوشخبری کو دوہری خوشی قرار دیا اور کہا کہ یہ کامیابی بیرون ملک پاکستانیوں کی محنت، لگن اور وطن سے محبت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کو "ملک کا قیمتی اثاثہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا بھر میں اپنی محنت سے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے معیشت کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں