2025 کا پاکستان دفاع میں مکمل طور پر مضبوط، دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم آزادی پر پیغام

10:36 AM, 14 Aug, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم آزادی قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، اور پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی حفاظت ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

محسن نقوی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام مقدر تھا، یہ ہماری محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس کے لیے لاکھوں شہداء نے اپنا خون اور جانیں قربان کیں۔ انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کبھی نہیں بھولے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو معرکۂ حق میں عبرتناک شکست دی ہے اور آج کا 2025 کا پاکستان دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کوئی دشمن میلی آنکھ سے بھی اس کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔

محسن نقوی نے عزم ظاہر کیا کہ قوم نئے جذبے اور پختہ ارادے کے ساتھ ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی اور ملک ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

مزیدخبریں