سڈنی: آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں بڑا دھچکا لگا ہے، ٹیم کے تین اہم کھلاڑی انجری کے باعث سیریز کے باقی میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق مچل اوون، میتھیو شارٹ اور لانس مورس مزید میچز میں شرکت نہیں کریں گے۔ مچل اوون دوسرے ٹی 20 میں کگیسو ربادا کی گیند ہیلمٹ پر لگنے کے بعد کنکشن (دماغی چوٹ) کا شکار ہو گئے تھے، اور طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں 12 دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ادھر میتھیو شارٹ سائیڈ انجری اور فاسٹ بولر لانس مورس کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہوئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ان کھلاڑیوں کی جگہ میتھیو کھنیمن اور ایرون ہارڈی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹی 20 میچ 16 اگست کو کھیلا جائے گا، جب کہ ون ڈے سیریز کے میچز 19، 22 اور 24 اگست کو شیڈول ہیں۔