بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں 78ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، مارکۂ حق کی فتح کا بھی جشن

01:58 PM, 14 Aug, 2025

بیجنگ  :  پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نہ صرف قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا بلکہ حالیہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح "مارکۂ حق" اور آپریشن بُنیَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی کا بھی جشن منایا گیا۔

تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی تہنیتی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ان پیغامات میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے 14 اگست 1947 کے دن کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے قوم متحد ہے۔

ان پیغامات میں 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی تاریخی اور فیصلہ کن فتح پر قوم کو مبارکباد دی گئی۔ اس فتح کو مارکۂ حق کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، جو قومی اتحاد، نظریاتی وابستگی اور افواجِ پاکستان کی جرات و استقامت کا مظہر ہے۔

اپنے خطاب میں بلال محمود چوہدری نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور "مارکۂ حق" میں حاصل کی گئی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح پاکستانی قوم اور افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اور یکجہتی کا عملی ثبوت ہے۔

انہوں نے پاکستان اور چین کے گہرے دوستانہ تعلقات کو "عالمی سطح پر دوستی کا مثالی نمونہ" قرار دیا اور کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب کے دوران قومی نغمے پیش کیے گئے جبکہ مارکۂ حق کی جھلکیوں پر مشتمل ایک خصوصی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جسے حاضرین نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا اور خوب داد دی۔

بیجنگ میں یومِ آزادی کی یہ تقریب حب الوطنی، قومی فخر، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی ایک اہم کاوش تھی، جس نے نہ صرف وطن سے دور پاکستانیوں کے دلوں میں جوش و جذبہ پیدا کیا بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کا پیغام بھی دیا۔

مزیدخبریں