آئین عوام کی امنگوں کا مجسمہ ہے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

03:36 PM, 14 Aug, 2025

اسلام آباد :چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آئین نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ ان آزادیوں کا محافظ بھی ہے جو ایک جمہوری معاشرے کی پہچان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم، قربانیوں اور وژن کی یاد دہانی ہے۔ یہ دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

چیف جسٹس نے اپنے پیغام میں کہا"ہمارا آئین ہمارے عوام کی امنگوں کا مجسمہ ہے، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ انصاف معاشرے کی بنیاد بنا رہے۔ ہمیں اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ ہو اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہ ہو۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا عدالتی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے جو عوام دوست، شفاف اور پائیدار ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر تنازع منصفانہ طریقے سے حل ہو اور ہر شہری اپنی زندگی میں انصاف کی موجودگی کو محسوس کر سکے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تمام شہریوں اور قانونی برادری کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ، منصفانہ اور آئین کے تابع ریاست کے طور پر آگے بڑھے گا۔

مزیدخبریں