لاہور:ایکسپو سنٹر لاہور میں یومِ آزادی اور حالیہ معرکۂ حق میں کامیابی کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تھیں۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے اراکین، غیر ملکی سفارتکاروں، افواجِ پاکستان کے نمائندگان اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر "معرکہ حق مانومنٹ پارک" کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
“ہم ملی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ رواں سال جشن آزادی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ قوم نے حالیہ معرکۂ حق میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔”
انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ:
“شہداء ہمارا فخر ہیں، اور ان کے اہلخانہ ہمارے ماتھے کا جھومر۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن افواجِ پاکستان کے نام ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے اپنی تقریر میں حالیہ دفاعی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا“پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت نے تاریخ رقم کی۔ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔
مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کردار کو بھی سراہا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ملکی ترقی اور استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا“ہم پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ سیاستدانوں کو چاہیے کہ سیاسی اختلافات بھلا کر صرف ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچیں۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی، جبکہ فضاؤں میں “پاکستان زندہ باد” کے نعرے گونجتے رہے۔