لاہور :جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور کے واہگہ بارڈر پر ایک پروقار اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء کے چہروں پر حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا اور ہر طرف قومی پرچموں کی بہار نظر آئی۔
سرحدی فضا میں قومی پرچم لہراتے ہوئے، عوام نے ملک سے اپنی والہانہ محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں شریک افراد نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور ہم اسے ہر قیمت پر محفوظ رکھیں گے۔
یہ تقریب روایتی پرچم کشائی، مارچ پاسٹ اور قومی نغموں کی گونج سے سجی رہی، جسے دیکھنے کے لیے شہری دور دراز علاقوں سے بھی آئے تھے۔