اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو

04:53 PM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ فریقین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیٹلی بیکر نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

دریں اثنا، ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے تعلقات کے فروغ سمیت علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس کی تربیت اور قانونی معاونت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور وہاں سرگرم کالعدم تنظیموں سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان کی سرزمین بدستور پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور علاقائی امن کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزیدخبریں