تل ابیب : اسرائیلی فوج اور سکیورٹی ایجنسی شین بیت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے غزہ میں حملہ کر کے حماس کے سینئر رہنما رائید سعد کو شہید کر دیا۔ رائید سعد حماس کے عسکری ونگ القصام بریگیڈ کے ہتھیاروں کے شعبے کے سربراہ تھے اور وہ سات اکتوبر 2023 کے حملے کی قیادت کرنے والے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔
حماس کے شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں رائید سعد شہید ہو گئے، اور دیگر چار افراد زخمی ہوئے۔ اس حملے کے دوران گاڑی کے قریب سے گزرنے والے کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
حماس کے مقامی رہنما نے اس حملے میں رائید سعد کے علاوہ ایک اور حماس رہنما کے بھی شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ رائید سعد کے بارے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد سے تشکیل پانے والے فوجی کونسل میں شامل ہیں۔
رائید سعد پر اسرائیل کی جانب سے کئی مرتبہ حملے کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ وہ طویل عرصے سے اسرائیل کی سب سے زیادہ مطلوب حماس کے رہنماؤں میں سے ایک تھے، جنہیں اسرائیل دو دہائیوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ، رائید سعد کا کردار حماس کے لیے انتہائی اہم تھا، اور ان کی شہادت ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔