ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کچھی کینال کے منصوبے سے بلوچستان میں زرعی انقلاب لایا جائے گا، جو علاقے کی زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ اب سوئی کے بچے بھی وہی تعلیم حاصل کریں گے جو سرداروں کے بچے حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کو میرٹ پر داخلے دیے جائیں گے اور بلوچستان کے 30 ہزار نوجوان اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونِ ملک جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے وفاقی حکومت کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سوئی میں ماڈل ٹاؤن کی تعمیر دوبارہ شروع کی جا رہی ہے اور سوئی کی تمام گلیوں کو پکا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوئی سے گیس نکالی جا رہی ہے، لیکن علاقے کی حالت بدتر ہے اور اگر وفاقی حکومت کا تعاون ملے تو ترقی کی رفتار تیز کی جا سکتی ہے۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی بتایا کہ پی پی ایل ہر سال سوئی کے 50 بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلائے گا اور سوئی ماڈل ٹاؤن کی تعمیرِ نو میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، سوئی کے لوگوں کے لیے 10 لاکھ گیلن پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں بگٹی قبیلے کا اہم کردار ہے۔