پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سری لنکا پہنچ گئے

08:59 PM, 14 Feb, 2026

کولمبو: وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے کیلیے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئے ہیں۔ کولمبو ایئرپورٹ پر سری لنکن حکام اور پاکستانی سفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن جنیتھیا راون کوڈ یتھوواکو نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی موجود تھے۔ آمد کے فوری بعد محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاپاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور بہترین تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیل رہا ہے اور سری لنکا ہمارا بہترین میزبان ہے۔ ہم اپنے میزبان کی عزت و احترام کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی کولمبو پہنچا ہے جس میں     سمیر احمد (چیف آپریٹنگ آفیسر، پی سی بی)،    سلمان نصیر (سی ای او، پی ایس ایل)،    عامر میر (ڈائریکٹر میڈیا، پی سی بی) شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل بروز اتوار 15 فروری کو سری لنکا کی سرزمین پر ایک سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے، جس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں