مولانا فضل الرحمان کے نصیب میں اسلام آباد نہیں وہ اسلام کی فکر کریں، شیخ رشید

مولانا فضل الرحمان کے نصیب میں اسلام آباد نہیں وہ اسلام کی فکر کریں، شیخ رشید
کیپشن: مولانا فضل الرحمان کے نصیب میں اسلام آباد نہیں وہ اسلام کی فکر کریں، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام کی فکر کریں کیونکہ اسلام آباد ان کے نصیب میں نہیں ہے۔ وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپوزیشن کو جس اسمبلی پر اعتراض ہے اس کے الیکشن میں حصہ لینے اب کیوں جا رہی ہے تاہم ہمیں توقع ہے کہ اپوزیشن کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرے گی اور آج ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا عمران خان کو خدا کی مدد اور عوام کی حمایت حاصل ہے اور دنیا مشرق سے مغرب ہو جائے لیکن وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے 40 ہزار بندوں کے دستخط پیش کیے جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ابھی تک اپنی فارن فنڈنگ کیس میں ایک چیک بھی پیش نہیں کیا۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کوئی سرکاری ادارہ ہی سلامت رہنے دہے جبکہ فوج اور سپریم کورٹ کے خلاف تقریریں کرتے ہیں اور کوئی ادارہ ایسا نہیں جس سے آپ کو مسئلہ نہ ہو جبکہ موجودہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مشاورت سے بنا ہے۔

فروغ نسیم نے کہا احتجاج کرنا اپوزیشن کا بنیادی حق ہے لیکن فیض آباد دھرناکیس میں سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ ہر جگہ احتجاج نہیں ہو سکتا اور احتجاج قانون کی اجازت کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور اچھے شہری ہونے کی حیثیت سے احتجاج کریں اور اگر قانون کے خلاف احتجاج ہو گا تو پھر وہ حرکت میں بھی آئے گا۔