ترسیلات زر بڑھیں، معیشت میں اصلاحات جاری:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

10:09 AM, 14 Jan, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کو 38 ارب ڈالر کے ترسیلات زر موصول ہوئے جبکہ رواں سال یہ رقم 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ وزیر خزانہ نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ معیشت میں اپنا کردار بڑھائیں اور سرمایہ کاری میں حصہ لیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے فنانس ڈویژن منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ایف بی آر کی توجہ صرف ٹیکس جمع کرنے پر مرکوز ہو۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات ہی ترقی کی کلید ہیں اور اس مقصد کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں۔

جون تک تمام حکومتی ادائیگیاں ڈیجیٹل چینلز پر منتقل کر دی جائیں گی اور غیر بینکنگ افراد کو باقاعدہ مالیاتی نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔ پہلی بار ٹیرف اصلاحات کے ذریعے خام مال پر ڈیوٹیز کم کی جا رہی ہیں، جس سے برآمدات اور صنعتی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی مثبت رہی اور نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضے بڑھ کر 1.1 ٹریلین روپے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ چار سال قبل ملک کے پاس ڈالر کی کمی تھی اور ہمیں دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ تجارتی خسارہ بڑھا ہے، مگر کرنٹ اکاؤنٹ ہدف کے اندر ہے۔

مزیدخبریں