لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے جل تھل کردی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے جل تھل کردی

لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنادیا، مون سون کی جھڑی نے رت ہی بدل دی۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی بیشتر علاقوں میں ابرکرم برسنے کی پیش گوئی کر دی۔ملک کے اکثر علاقوں میں اتوار کی شب کی ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں تو کمی آئی لیکن انتظامی بد نظمی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں بارش کے سبب پلوں کے نیچے پانی کھڑا ہوگیا اور متعدد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔چوبرجی، مزنگ اڈا، مال روڈ، قرطبقہ چوک، اسلام پورہ اور میسن روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے جو عوام کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔

رائیونڈ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے سبب بجلی کے کھمبے گر گئے اور تاحال بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی۔باغوں کے شہر لاہور میں آسمان پر سرمئی بادل چھائے، پھرموسلا دھار بارش نے خوب رنگ جمایا، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواﺅں سے موسم حسین ہو گیا۔ گوجرانوالہ، گجرات، کوٹ مومن، پتوکی، رینالہ خورد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

منڈی بہاﺅالدین میں بارش اور ٹھنڈی ہواﺅں نے موسم سہانا بنا دیا۔ شیخوپورہ گردونواح میں صبح سویرے بادل کھل کر برسے۔شکرگڑھ، نارووال، ڈسکہ میں بارش اور ٹھنڈی ہواﺅں سے موسم دلفریب ہو گیا۔ قصور اور گردوں نواح میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کا نقشہ ہی بدل دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، ہزارہ، گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، بنوں، ڈی آئی خان میں بھی بارش ہو گی جس سے حبس کی شدت میں کمی آ جائے گی۔