کشمور: دریائے سندھ میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے بعد محکمہ آبپاشی (ایریگیشن) نے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ کے کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں 13 ہزار 190 کیوسک کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر، منچن آباد اور رینالہ خورد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔