تیانجن:شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا وزرائے خارجہ اجلاس آج سے چین کے شہر تیانجن میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس میں ملکی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں علاقائی سلامتی، معاشی تعاون، اور باہمی تعلقات پر گفتگو ہوگی۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی ممکنہ ملاقات کی تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ ایس سی او خطے کی اہم تنظیم ہے، جس کے مستقل رکن ممالک میں چین، روس، پاکستان، بھارت، ایران، اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔