"خیبر" میزائل جلد داغا جائے گا، دنیا حیران رہ جائے گی:ایران

09:24 AM, 14 Jun, 2025

تہران:ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی عسکری تنظیم پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل پر جلد جدید ترین "خیبر" میزائل داغا جائے گا، جس کے نتائج پوری دنیا کے لیے حیران کن ہوں گے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "آپریشن وعدہ صادق سوم" کے تحت اسرائیلی فوجی تنصیبات، اسلحہ ساز فیکٹریوں اور حساس مراکز کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کی جانب سے فلسطین اور ایران کے خلاف جارحیت کا جواب ہیں۔

ایرانی فوج کے مطابق میزائل حملے مکمل کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں، جب کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے حملے ناکام بنانے کے دعوے غلط اور گمراہ کن ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر میزائل ایک جدید اور طاقتور ہتھیار ہے جو جلد اسرائیلی سرزمین پر داغا جائے گا اور یہ حملہ اسرائیل کے لیے ایک "نیا اور حیران کن مرحلہ" ثابت ہوگا۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا ہے کہ ایران کی سلامتی اس کی "سرخ لکیر" ہے اور اگر اسے چیلنج کیا گیا تو سخت اور فوری جواب دیا جائے گا۔ اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے ایرانی فوج نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مہم جوئی کا نتیجہ بھگتنے کے لیے تیار رہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر خیبر میزائل کا استعمال کیا گیا تو یہ اقدام خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور ممکنہ طور پر مشرق وسطیٰ میں وسیع تر جنگ کا آغاز ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں