لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صرف وعدے نہیں کر رہیں بلکہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے بھی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی کارکردگی نے خود پیپلز پارٹی کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔
یہ بیان عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی رہنما حسن مرتضیٰ کے حالیہ تبصرے کے جواب میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ خود مان رہے ہیں کہ مریم نواز کی حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے، جو آپ کی جماعت کے لیے چیلنج بن چکی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سمبڑیال میں حالیہ ترقیاتی کام اس بات کا ثبوت ہیں کہ مریم نواز کی حکومت زمینی سطح پر کارکردگی دکھا رہی ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا بجٹ ابھی پیش بھی نہیں ہوا اور آپ پہلے ہی اسے مسترد کر رہے ہیں۔ جو خود اپنی نشست نہیں جیت سکا، وہ دوسروں کو لیکچر نہ دے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ:"اگر کسی حکومت کے پاس کام ہو تو ڈیڑھ سال کافی ہوتا ہے کچھ دکھانے کے لیے، لیکن اگر کارکردگی صفر ہو تو 16 سال بھی کم پڑ جاتے ہیں۔"