اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کھلی خلاف ورزی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
دونوں سربراہانِ مملکت نے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیلی کارروائیوں کا فوری نوٹس لے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر قیامِ امن کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کریں گے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر کو اسلامی تعاون یوتھ فورم کی جانب سے ملنے والے اعزاز پر مبارکباد دی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی روابط برقرار رکھنے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔