بھارت کیخلاف سرجیکل سٹرائیک،ڈی جی آئی ایس پی آر کی عثمان خواجہ کو شاباش

بھارت کیخلاف سرجیکل سٹرائیک،ڈی جی آئی ایس پی آر کی عثمان خواجہ کو شاباش
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

راولپنڈی:پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے بھارتی ٹیم پر ایک اور سرجیکل سٹرائیک کی اور اپنی ٹیم کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سنچری سکور کرکے سیریز میں کامیابی دلادی اور تما م پاکستانیوں کو خوش کردیا۔

عثمان خواجہ کی شاندار کارکردگی پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی چپ نہ رہ سکے اور بھارتیوں کو آگ لگانے کیلئے پاکستانی نژاد بیٹسمین کو شاباش دیدی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ’ عثمان خواجہ شاباش آپ کی اچھے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ بنائی سنچری جیت کی وجہ بنی‘۔

27cefe9c3c985974a045a106dc82f202


خیال رہے کہ آسٹریلیا کی بھارت کے ساتھ 5میچوں کی سیریز چل رہی تھی جس میں ایک میچ میں بھارتی کھلاڑی بھارتی فوج کی ٹوپیاں پہن کر کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تھے، اس میچ میں پاکستان نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے 104رنز بنائے تھے اور بھارت وہ میچ 32رنز سے ہار گیا تھا تب بھی ڈی جی آئی ایس پی آر نے کھلاڑی کو مبارک باد دی تھی، گزشتہ روز آخری اور فیصلہ کن میچ میں بھی عثمان خواجہ نے بہترین سٹرائیک ریٹ کے ساتھ سنچری بنائی اور آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

عثمان خواجہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے اور پھر اپنے والدین کے ساتھ آسٹریلیا چلے گئے وہ ایک کمرشل پائلٹ بھی ہیں اور آسٹریلیا کی قومی ٹیم کا حصہ بھی ہیں۔ عثمان خواجہ نے بھارت کو ہرا کر پاکستانیوں کو خوش کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک ہفتے میں دو بار ٹویٹ کر کے عثمان خواجہ کو مبارک باد اور شاباش دی۔آسٹریلیا نے بھارت کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 3-2سے کامیابی حاصل کی۔ اور تینوں میچوں میں عثمان خواجہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ عثمان خواجہ کو میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔